چیچہ وطنی: ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے سپاہی محمد فاروق فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک

چیچہ وطنی: ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے سپاہی محمد فاروق کوفوجی اعزازات کے ساتھ ان کے آبائی گاﺅں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔تفصیل کے مطابق تحصیل چیچہ وطنی کے نواحی گاﺅں 95بارہ ایل کے رہائشی ریٹائرڈ فوجی فضل کا 35 سالہ بیٹا محمد فاروق پاک آرمی میں اپنے فرائض سر انجام دے رہا تھا گزشتہ روز پاک آرمی کا ہیلی کاپٹر سکردو جاتے ہوئے بستی منی مرگ کے قریب فنی خرابی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجہ میں پاک فوج کے دو اعلیٰ افسران سمیت چار جوان شہید ہو گئے تھے ان میں تحصیل چیچہ وطنی کے نواحی گاﺅ ں 95 بارہ ایل کا رہائشی سپاہی محمد فاروق شہید بھی تھے، جنہیں ان کے آبائی گاﺅں میں فوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا، شہید نے سوگواران میں بیوہ سمیت تین بیٹیاں چھوڑی ہیں ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ سپاہی محمد فاروق شہید عرصہ 15 سال سے پاک فوج میں اپنی خدمات سر انجام دے رہا تھا اور شہید کے والد فوجی محمد فضل بھی پاک فوج میں شامل رہے ہیں۔اس موقع پر شہید کے والد فوجی محمد فضل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرے سات بیٹے اور بیٹیاں محمد فاروق شہید بیٹوں میں سب سے بڑا تھا اور انہیں پاک فوج کا حصہ بننے اور جام شہادت نوش کرنے کا بچپن سے ہی بہت شوق تھا، آج میرا سر فخر سے بلند ہے کہ میرا بیٹا اپنے وطن کی مٹی سے وفا کرتے ہوئے شہید ہوا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*