ساہیوال: وزیر اعظم احساس کفالت پروگرام کے تحت ضرورتمند اور نادار افراد میں امدادی رقوم کی تقسیم کا عمل جاری

ساہیوال: وزیر اعظم احساس کفالت پروگرام کے تحت ضرورتمند اور نادار افراد میں امدادی رقوم کی تقسیم کا عمل جاری ہے اور ضلع ساہیوال میں اب تک 49788 افراد میں 60کروڑ 45 لاکھ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں اور یہ عمل ضلع بھر کے 61562 مستحقین میں رقوم کی تقسیم تک جاری رہے گا۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے اپنے دفتر میں کفالت پروگرام کا جائزہ لیتے ہوئے کہی جس میں اے ڈی سی جنرل محمد فاروق اکمل، اسسٹنٹ کمشنر سفیان دلاور اور دوسرے متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں12 سنٹرز بنائے گئے ہیں جن میں 7 سنٹر تحصیل ساہیوال جبکہ 5 تحصیل چیچہ وطنی میں ہیں جہاں بالترتیب 32 اور 29 بوتھ پر عملہ 12 ہزار روپے فی کس مستحقین میں تقسیم کر رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ کفالت پروگرام 1 کے 39957 اور کفالت پروگرام 2 کے24605 مستحقین میں رقوم تقسیم کی جارہی ہیں جس میں تحصیل ساہیوال کے 37671 مستحقین میں سے 30833 افراد میں اب تک 37 کروڑ 35 لاکھ 24ہزار روپے جبکہ تحصیل چیچہ وطنی کے 23891 مستحقین میں سے 18955 افراد میں 23 کروڑ 9 لاکھ 79 ہزار روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے ہدایت کی کہ تمام سنٹرز پر آنیوالے افراد خصوصاً بوڑھے اور معذور مرد و خواتین کیلئے بیٹھنے،پینے کے پانی اور وہیل چیئرز کے انتظام کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مستحقین کو کسی دقت کے بغیر امداد مل سکے۔ انہوں نے مستحقین کی رقوم میں خردبرد کی شکایات کو دور کرنے کے لئے مانیٹرنگ کا عمل بھی سخت کر نے اور وہاں ڈیوٹی دینے والے افراد کی مسلسل سکریننگ کرنے کی بھی ہدایت کی –

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*