جی او سی اوکاڑہ میجر جنرل آصف غفو ر کا دورہ ساہیوال،کرونا وائرس کے پھیلاؤ روکنے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ

ساہیوال: جی او سی اوکاڑہ میجر جنرل آصف غفو ر کا دورہ ساہیوال،کرونا وائرس کے پھیلاؤ روکنے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ،ضلعی کنٹرول روم میں ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید کی بریفنگ ،جی او سی نے قیوم ہسپتال کے آئسو لیشن وارڈ اور گورنمنٹ کالج میں قائم قرنطینہ مرکز میں فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا –

ضلعی انتظامیہ نے اب تک ساڑھے 7ہزار مستحق افراد کو 2، 2ماہ کا راشن پہنچا چکی ہے جبکہ 37ہزار افراد کو احسا س کفالت پروگرام کے تحت 12ہزار روپے فی کس دینے کا عمل جاری ہے،ڈپٹی کمشنر کی بریفنگ -تفصیلات کے مطابق جی او سی اوکاڑہ میجر جنرل آصف غفور نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور دفعہ 144کے نفاذ کے اقدامات کے جائزے کے لئے ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا،کمشنرمحمد احسن وحید،آر پی او ہمایوں بشیر تارڑ،ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید اور ڈی پی او محمد علی ضیاء بھی ان کے ہمراہ تھے -انہوں نے کنٹرول روم میں لاک ڈاؤن کی صورتحال،دفعہ 144کے نفاذ پر عملدر آمد،نادار اور مستحق افراد کو راشن کی تقسیم اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا -ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے بتایا کہ مخیر حضرات کے بھر پور تعاون سے ضلعی انتظامیہ اب تک ساڑھے سات ہزار سے زائد مستحقین اور بے روز گار ہونے والے افراد کو 2،2ماہ کا راشن پہنچا چکی ہے جبکہ احساس کفالت پروگرام کے تحت ضلع بھر میں 37ہزار افراد کو12،12ہزار روپے فی کس نقد رقم کی فراہمی بھی قائم کئے گئے 11سنٹرز میں تیزی سے جاری ہے – انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے سروے کے مطابق ضلع بھر میں 95ہزار ایسے افراد کی نشاندہی ہو چکی ہے جنہیں امداد کی ضرورت ہو گی جن کی یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیوں کے ذریعے نشاندہی کی گئی ہے -انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع ساہیوال میں چاول کا 11 لاکھ 76 ہزار 5 سو کلو،گھی کا 5 لاکھ 15 ہزار 6 سو کلو اور چینی کا 6 لاکھ48 ہزار 8 سو کلوجبکہ دالوں میں دال چنے کا 27 ہزار 2 سو،دال مونگ کا 10 ہزار 5 سو،دال ماش کا 7 ہزار 4 سواور دال مسورکا 12 ہزار 4 سو کلو سٹاک موجود ہے جو بالترتیب 90 دنوں،30 دنوں اور 15 دنوں کی ضروریات پورا کرنے کیلئے کافی ہے-جی او سی میجر جنرل آصف غفور نے ضلعی انتظامیہ کے ان انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ افواج پاکستان کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کی کوششوں میں بھر پور مدد جاری رکھے گی -انہوں نے قیوم ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ اور گورنمنٹ کالج کے قرنطینہ سنٹر میں کئے گئے انتظامات کو بھی سراہا -بعد ازاں انہوں نے ماڈل بازار،گورنمنٹ ہائی سکول میں قائم احساس کفالت پروگرام کے سنٹر اور یونین کونسل نمبر 9کے چک نمبر 87/6-Rکا دورہ کیا -انہوں نے احساس کفالت سنٹر میں امداد کے لئے آنے والوں سے فردا فردا بات چیت کی اور ان سے رقوم کی ترسیل میں در پیش مشکلات کے بارے میں پوچھا -انہوں نے سنٹر میں پینے کے پانی کی دستیابی،انتظار کے لئےبیٹھنے کی سہولیات اور دوسرے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا –

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*