چیچہ وطنی: گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز کے سامنے دو متحارب گروپوں کے درمیان تصادم. فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی

چیچہ وطنی: گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز کے سامنے دو متحارب گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ارباب دانش بٹ سکنہ غریب محلہ نے اپنے چار ساتھیوں کے ہمراہ کالج روڈ پر وقاص ولد اکرم گجر سکنہ 13گیارہ ایل کو پسٹل کے فائر سے زخمی کر دیا ۔

گولی مضروب کی ٹانگ میں لگی جسے فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ وہاں سے طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال ریفر کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان تقریبا ایک سال قبل لڑائی ہوئی تھی جس کا دوسرے فریق کو رنج تھا۔ کالج کے سامنے فائرنگ کے واقعہ سے طلباء میں خوف وہراس پایا جا رہا ہے ۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ چیچہ وطنی شہر میں15سے 20لڑکوں پر مشتمل مسلح گینگ بنے ہوئے ہیں جو کہ آئے روز شہر کے مختلف علاقوں میں سرعام فائرنگ کرتے ہیں۔ جس کی وجہ سے عوام الناس میں بھی خوف وہراس پایا جا رہا ہے۔ ان مسلح جتھوں پر قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر کئی مقدمات بھی درج ہیں ۔ لیکن ضمانت ہونے کی وجہ سے پولیس ان کو گرفتار کرنے سے قاصر ہے۔

شہری حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ساہیوال اور ڈی پی او ساہیوال سمیت دیگر متعلقہ اداروں سے شہر میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*