پاکستان کی ترقی نوجوان نسل کی بہتر تعلیم و تربیت سے منسلک ہے، صوبائی وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمدلنگڑیال

ساہیوال: صوبائی وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمدلنگڑیال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی نوجوان نسل کی بہتر تعلیم و تربیت سے منسلک ہے جس کے لئے موجودہ حکومت تعلیم کے شعبے میں نمایاں بہتری لانے کے لئے دورس اقدامات اٹھارہی ہے جس سے نظام تعلیم میں بہتری آئے گی اور پاکستان تیزی سے ترقی کر ے گا -انہوں نے یہ بات ڈی پی ایس میں ساہیوال بورڈ کے انٹرمیڈیٹ امتحان 2019کے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات میں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہی –

تقریب میں بورڈ چیئر مین حافظ محمد شفیق ،کنٹرولر امتحانات حافظ فدا حسین ،سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر رابعہ اختر اور بورڈ آفیسر منیر خان کے علاوہ پی ایچ اے کے چیئر مین چوہدری علی شکور ،ملک فیصل لنگڑیال اور شیخ محمد چوہان ،اساتذہ ،طلبا و طالبات اور والدین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی -انہو ں نے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اسی محنت سے اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے -انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت تعلیمی شعبے کی بہتری اور طلبا و طالبات کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے کوشاں ہے اور پہلے مرحلے میں پرائمری ایجوکیشن کو اردو کیا جا رہا ہے جس سے معیار تعلیم پر دور رس نتائج مرتب ہونگے -تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین بورڈ ڈاکٹر محمد شفیق نے مارکنگ میں شفافیت لانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی اورطلبا و طالبات کو نصیحت کی کہ وہ نماز قائم کریں ،والدین کااحترام کریں اور مطالعہ کی عادت ڈالیں کیونکہ انہیں زیریں اصولوں پر عمل کر کے عملی زندگی میں کامیاب ہوا جا سکتا ہے-کنٹرولر بورڈ حافظ فدا حسین نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ امتحان میں ساہیوال بورڈ سے 43ہزار 2 سو سے زائد طلبا و طالبات نے شرکت کی جس میں سے 24ہزار سے زائد کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 58فیصد رہا -انہو ں نے بتایا کہ نقل کے رجحان کو روکنے کے لئے بورڈ نے پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام امتحانی مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے ہیں اور ان کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے -تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات میں میڈلز اور انعامات تقسیم کئے -بورڈ میں پہلی پوزیشن پنجاب کالج اوکاڑہ کے طالبعلم اویس مجید نے حاصل کی اور 1058نمبر لئے جبکہ محمد عدنان نے 1050نمبروں کے ساتھ دوسری اور فائزہ فاطمہ نے 1049نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی –

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*