ساہیوال: ریٹرننگ افسران کی حلف برداری کی تقریب

ساہیوال: ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ساہیوال رانا مسعود اختر نے کہا ہے کہ جوڈیشل افسران غیر جانبدارانہ اور شفاف عام انتخابات کے انعقاد کے لئے پر عزم ہیں اور وہ عوام کے اعتماد پر پور ا اترنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے ۔انتخابات خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے تمام انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں تا کہ عوام اپنی پسند کے امیدوار کو بلا خوف و خطر منتخب کر سکیں اور انتخابی نظام پر ان کے اعتماد میں اضافہ ہو ۔انہوں نے یہ بات ضلع ساہیول کے لئے قومی اسمبلی کی 3اور صوبائی اسمبلی کی 7نشستوں کے ریٹرننگ افسران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور سول ججز کے علاوہ وڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر رانا عبدالغفار اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ کورٹس زاہد شفیع نے بھی شرکت کی ۔انہو ں نے قومی اسمبلی کے حلقو ں این اے 147کے ریٹرننگ آفیسر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ارشد محمو د،این اے 148کے راؤ مبشر حسین اوراین اے 149کے محمد یعقوب جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی پی 196کے سول جج ظفر مہدی، پی پی 197کے سردار نوید احمد ، پی پی 198کے تحمل حسین ، پی پی 199کے محمد آصف ، پی پی 200کے راشد بشیر ،پی پی 201کے مجیب الرحمن شاہ اور پی پی 202کے ریٹرننگ آفیسر سول جج محمد نذیر سے ان کے عہدوں کا حلف لیا جس میں انہوں نے انتخابات میں مکمل غیر جانبداری اور شفافیت سے اپنے فرائض ادا کرنے کا عہد کیا ۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر و ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رانا مسعود اختر نے کہا کہ عوام نے ہمیشہ عدلیہ پر اپنے غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور عدلیہ ان انتخابات میں بھی اس اعتماد پر کما حقہ پورا اترے گی ۔انہوں نے تمام ریٹرننگ افسران پر زور دیا کہ وہ انتخابی عملے کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں تا کہ انتخابی عمل کے دوران کسی انسانی غلطی کے احتمال کا امکان کم سے کم ہو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*