پنجاب حکومت طلبا وطالبات کو اعلی تعلیم اور ٹیکنالوجی تک رسائی کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے: صوبائی وزیر بہبود آبادی ڈاکٹر مختار احمد بھرت

ساہیوال: صوبائی وزیر بہبود آبادی ڈاکٹر مختار احمد بھرت نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت طلبا وطالبات کو اعلی تعلیم اور ٹیکنالوجی تک رسائی کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے تا کہ نوجوان نسل ملک کے مستقبل کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سنبھال سکے اور کم وسائل رکھنے والے طلبا وطالبات بھی ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہیں ۔وزیر اعلی لیپ ٹاپ سکیم سے صوبے میں 4لاکھ30ہزار ہونہار طلبا وطالبات میں صرف میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں ۔وہ یہاں جناح ہال میں ساہیوال ڈویژن کے ہونہار طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران ،کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی ،ڈپٹی کمشنر شوکت علی کھچی ،ڈپٹی کمشنر پاکپتن عرفان احمد سندھو ،ایڈیشنل کمشنر میاں جمیل احمد ،ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر شاکر احمد شاہد ،اے ڈی سی جنرل احمد خاور شہزاد، چیئر مین پی ایچ اے حاجی احسان الحق ادریس کے علاوہ منتخب نمائندوں ،اساتذہ ،والدین اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔انہو ں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے طلبا و طالبات کے لئے اعلی تعلیم کے دروازے کھول دیئے ہیں اور صرف میرٹ پر انہیں وظائف دیئے جا رہے ہیں ۔لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں اور بورڈ میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباو طالبات کو دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے دورے کروائے جا رہے ہیں تا کہ ان کی صلاحیتیں مزید نکھر سکیں ۔انہوں نے طلبا و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت کے لئے وقف کر دیں تا کہ پاکستان کو دنیا میں ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکے ۔

صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نوکریوں میں سفارشی کلچر ختم کر کے صرف میرٹ کو بنیاد بنایا تا کہ ہونہار طلبا وطالبات کو ان کی محنت کا ثمر مل سکے ۔طلبا و طالبات کو چاہیے کہ وہ محنت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنے اپنے شعبوں میں ملک و قوم کی خدمت کا عزم کریں ۔اس سے پہلے خطبہ استقبالیہ میں کمشنر علی بہادر قاضی نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں 5686طلبا وطالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں جبکہ صوبے بھر میں 115000کمپیوٹرز تقسیم کئے جائیں گے ۔تقریب میں طالبعلم منہال چوہدری اور طالبہ حفصہ زاہد نے وزیر اعلی پنجاب کی تعلیمی پالیسیوں پر اظہار خیال کیا اور طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے پر ان کی شکریہ ادا کیا ۔تقریب میں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کر کے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کی محنت کو خراج تحسین پیش کیا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*